ماتلی میں ساتویں جماعت کا13 سالہ طالب علم دو روز سے لاپتا، اہل خانہ کا احتجاج

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ماتلی میں ساتویں جماعت کا 13 سالہ طالب علم ماجد شیدی گزشتہ دو روز سے پراسرار طور پر لاپتا ہے، جس کے اہل خانہ نے اغوا کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اس کی بازیابی کے لیے ماتلی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور پولیس سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ماجد شیدی ماتلی شہر میں نئے پل کے قریب واقع کیٹی محلے کا رہائشی ہے، جو دو روز قبل لاپتا ہوگیا تھا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے طالب علم کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کوششیں کیں، تاہم تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ماجد کے والد ساجد شیدی اور دیگر اہل خانہ کے مطابق واقعے کی اطلاع متعلقہ تھانے پر بھی دی جاچکی ہے، لیکن ابھی تک طالب علم کا پتا نہیں چل سکا، جس کے باعث گھر میں شدید پریشانی پائی جاتی ہے۔ مظاہرین نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ ماجد شیدی کی تلاش کے لیے فوری اقدامات کرتے ہوئے اسے بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔



