راولپنڈی میں پرائیویٹ ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ تا حکمِ ثانی معطل

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر راولپنڈی میں ہر قسم کی پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو تاحکمِ ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے اپنے پیغام میں بتایا کہ شہریوں کو صورتحال سے بروقت آگاہ کیا جائے گا، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے باعث جڑواں شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اسلام میٹرو بس سروس کو بھی جزوی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
میٹرو حکام کے مطابق پمز اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک سروس مکمل بند ہے، جبکہ صدر اسٹیشن سے کچہری تک محدود پیمانے پر بس سروس جاری ہے۔
انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس بھی تاحکمِ ثانی بند یا محدود رہے گی، اور یہ فیصلہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔



