خضدار،مسلح افراد کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ،خاتون اہلکار سمیت2اہلکار شہید

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے ضلع خضدار میں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بلوچستان پولیس کی ایک خاتون اہلکار سمیت دو اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پولیس خاتون دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ باغبانہ کے علاقے باجوئی میں پیش آیا،جہاں سولر پلیٹس کی چوری کی اطلاع پر ایڈیشنل ایس ایچ او پولیس پارٹی کے ہمراہ چھاپہ مارنے پہنچے۔ اس دوران علاقے میں موجود مسلح افراد نے پولیس کو ہتھیار ڈالنے کا کہا تاہم انکار پر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔فائرنگ کے نتیجے میں لیڈی کانسٹیبل ملک ناز اور ہیڈ کانسٹیبل سمیع اللہ شہید ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق لیڈی کانسٹیبل ملک ناز بلوچستان کی تاریخ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والی پہلی خاتون پولیس اہلکار ہیں۔واقعے میں ایڈیشنل ایس ایچ او محمد ابراہیم اور کانسٹیبل نجیب الرحمان زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



