گورنرہاؤس پشاورمیں سول اعزازات کی تقریب، 33 ممتاز شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)گورنرہاؤس پشاور میں صدارتی سول اعزازات کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صدر پاکستان کی جانب سے صوبے کی 33 ممتاز شخصیات کو اپنے اپنے شعبوں میں گرانقدر خدمات پر سول اعزازات سے نوازا۔

تقریب میں کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹبلری محمد ریاض نذیر گاڑہ، انتظامی محکموں کے سربراہان، سول و عسکری حکام اور اعزازات وصول کرنیوالوں کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔گورنر نے صوبہ کی آٹھ شخصیات کو ستارہ امتیاز، دو شخصیات کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، گیارہ شخصیات کو تمغہ شجاعت اور بارہ شخصیات کو تمغہ امتیاز کے پاکستان سول اعزازات سے نوازا۔

گورنرنے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ارشد مجید، ایس ایس پی عطاء الرحمن، شہاب الدین خان، محمداسرار، سید سلمان رحمان کو شعبہ خدمات عامہ میں عمدہ کارکردگی پر صدارتی پاکستان سول اعزاز ستارہ امتیاز سے نوازا۔ثناء میر کو شعبہ کھیل کرکٹ، ضیاء الحق سرحدی کو کالم نگاری، ،شہید ریحان زیب کو شعبہ خدمات عامہ میں بعدازشہادت عمدہ کارکردگی پر پاکستان صدارتی سول اعزاز ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ۔

گورنرنے جمشید علی خان کو شعبہ فنون، ہدایت کاری و پروڈکشن اور امین اللہ داودزئی کو شعبہ ادب و شاعری میں عمدہ کارکردگی پر پاکستان صدارتی سول اعزاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا عمر طفیل،  کیپٹن ریٹائرڈ نجم الحسنین لیاقت، سعید منان،  ملک گوہر علی ، سپاہی باسط اللہ، سپاہی سمیع اللہ شاہ، سپاہی صابر علی، سپاہی صاحب دین،  ڈی ایس پی پیرسیدخان اور اے ایس آئی صالح محمد کو شعبہ شجاعت میں عمدہ کارکردگی پر پاکستان صدارتی سول اعزاز تمغہ شجاعت جبکہ نواب عادل خان کو شعبہ خدمات عامہ میں عمدہ کارکردگی پر پاکستان صدارتی سول اعزاز تمغہ شجاعت سے نوازا گیا ۔

گورنرنے طارق محمودجدون کو شعبہ تعلیم، محمد حمزہ خان کو شعبہ کھیل سکواش ، مولانامحمدطیب قریشی کو شعبہ مذہبی خدمات میں عمدہ کارکردگی پر پاکستان صدارتی سول اعزاز تمغہ امتیاز سے نوازا. ڈاکٹر محمدعاکف خان ،  محمد ظہور اعوان ، محمد ہلال،  نائک سفیدخان، عبدالرحیم،  عابداللہ اور محمد علی سواتی کو شعبہ خدمات عامہ میں عمدہ کارکردگی پر پاکستان صدارتی سول اعزاز تمغہ امتیاز  جبکہ سید ثمر عباس اور  موناعالم کو شعبہ صحافت میں عمدہ کارکردگی پر پاکستان صدارتی سول اعزاز تمغہ امتیاز  سے نوازا۔

مزید خبریں

Back to top button