کراچی میں پاکستان کا پہلا آٹزم رہائشی مرکز قائم، آصفہ بھٹو نے افتتاح کردیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کراچی میں پاکستان کے پہلے آٹزم رہائشی مرکز کا افتتاح کردیا، جہاں آٹزم کا شکار بچوں کو جامع نگہداشت، علاج، تعلیم اور طویل المدتی بحالی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر متعلقہ حکام اور شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی میں پاکستان کا پہلا جامع آٹزم رہائشی مرکز قائم کرنا ایک اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں اور ان کے خاندانوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری کے مطابق سی۔آرٹس (C-ARTS) ملک کا پہلا ایسا مرکز ہے جو آٹزم کے شکار بچوں کو تشخیص سے لے کر روزگار تک مختلف سہولیات فراہم کرتا ہے۔ مراکز میں بچوں کے لیے مفت علاج، ٹرانسپورٹ اور وظائف بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی سی۔آرٹس کے مراکز قائم ہیں، جس سے سندھ کے مختلف علاقوں کے بچوں اور ان کے خاندانوں کو سہولت حاصل ہوگی۔

خاتونِ اول نے کہا کہ نئے رہائشی مرکز میں آٹزم کے شکار بچوں کے لیے جامع نگہداشت اور طویل المدتی بحالی کی سہولیات دستیاب ہوں گی، جبکہ مرکز میں بچوں کی ضروریات کے مطابق خدمات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

آصفہ بھٹو زرداری نے مزید بتایا کہ C-ARTS کا رجسٹریشن پورٹل بھی فعال کردیا گیا ہے جس کے ذریعے ہر بچے کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، تاکہ علاج، تعلیم اور بحالی کے مراحل کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر کورنگی میں پاکستان کا پہلا جامع پارک بھی کھول دیا گیا۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں کے لیے صحت، تعلیم، بحالی اور تفریحی سہولیات کی فراہمی ایک جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button