انمول عرف پنکی کا لاہورمیں پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہونےکا انکشاف

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی میں منشیات برآمدگی اورغیر قانونی اسلحہ کے کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ 2022 میں لاہور میں پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گئی تھی۔
لاہور پولیس کا دعویٰ ہے کہ 2022 میں شاداب کالونی میں لگژری گاڑی سے پنکی کا بھائی ملزم ریاض بلوچ منشیات دینے اترا تو پولیس نے قابو کرلیا، اس کے ساتھ موجود اس کی بہن انمول عرف پنکی گاڑی دوڑا کر نکل گئی، پنکی کے بھائی ریاض بلوچ پر لاہور میں 7 جنوری 2022 کو مقدمہ درج کیا گیا۔
پنکی بھائیوں کے ہمراہ کوٹ لکھپت میں نجی کالونی میں رہائش پذیر تھی، اس کا پنجاب پولیس میں کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں۔
پولیس نےملزم ریاض بلوچ کا اس مقدمے میں چالان کیا تھا تاہم عدالتی ریکارڈ کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج سید عمران رضا نقوی نے ملزم ریاض بلوچ کو مذکورہ مقدمے سے 4 اپریل 2022 کو بری کردیا تھا۔
اس کے علاوہ ملزمہ کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں جن کے مطابق انمول کراچی کے علاقے نگارہ گوٹھ بلوچ پاڑہ کی رہائشی تھی، سال 2008 میں ڈیفنس اور کلفٹن میں ہونے والی ڈانس پارٹیوں میں منشیات کی سپلائی کا آغاز کیا، ملزمہ نے اس فیلڈ میں اپنا نام پنکی رکھا اور پھر آہستہ آہستہ اپنے کام کو پھیلایا۔
کراچی میں گزشتہ سال ارمغان کیس سامنے آنے کے بعد ملزمہ لاہور اور اسلام آباد میں روپوش رہی اور وہیں سے منشیات کا نیٹ ورک چلاتی رہی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزمہ لاہور میں کپڑے کا کاروبار بھی کرتی ہے۔



