ایران کےکویت اوربحرین پرنئے حملے،دبئی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں

کویت سٹی(جانوڈاٹ پی کے)کویت اور بحرین کی افواج کا کہنا ہے کہ جمعرات کو دونوں ممالک ایک بار پھر ایرانی فضائی حملوں کا نشانہ بنے جبکہ دبئی کے وسطی علاقے میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔آبنائے ہرمز کے کنٹرول کے تنازع پر ایران اور امریکہ کے درمیان حملوں کا تبادلہ جاری ہے۔ امریکا نے جنوبی ایران میں بند ر عباس اور قیشم جزیرے پر میزائیل حملے کیے ہیں۔ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکہ ایران میں جنگی جرائم سرزدکررہا ہے۔دوسری جانب کویتی فوج نے کہا کہ اس نے ڈرون حملوں کی ایک نئی لہر کو ناکام بنایا اور اسے ’ایرانی جارحیت‘ قرار دیا۔ کویت کے دار الحکومت کے قریب دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق دبئی کے وسطی علاقے میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایران کا کہنا ہے کہ اس نے کویت کے علی السالم فضائی اڈے پر ریڈار نظام، ایک فضائی دفاعی نظام اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ تہران کے مطابق بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔



