جے ڈی وینس نے جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف پر مالی مفاد کے الزامات مسترد کر دیے

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ مذاکرات میں شریک جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف پر مالی فائدہ اٹھانے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ یہ دعوے مکمل طور پر غلط ہیں۔ ان کے بقول، جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے قابلِ اعتماد ارکان ہیں اور یہ تصور ہی مضحکہ خیز ہے کہ وہ اندرونی معلومات سے مالی فائدہ اٹھا رہے تھے۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی جب ڈراپ سائٹ نیوز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوران ایران نے جے ڈی وینس کو ایک پیغام بھیجا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ کشنر اور وٹکوف بطور مذاکرات کار اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

جے ڈی وینس نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا کوئی پیغام کبھی موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

امریکی نائب صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند گھنٹے قبل انہوں نے اسرائیلی حکومت کے بعض ارکان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ غیر ملکی اثر و رسوخ کی مہم کے ذریعے امریکا کی جنگ بندی اور امن کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button