پاکستان اور چین کا امریکا، ایران جنگ بندی اور مذاکرات کی فوری بحالی کا مطالبہ، سفارتی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور چین نے امریکا اور ایران کے درمیان فوری جنگ بندی کی بحالی اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی میڈیا کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ مسئلے کے پرامن حل کے لیے تمام فریق دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئیں، اپنے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت جنگ بندی پر مکمل عمل کیا جائے۔
گلوبل ٹائمز کے مطابق دونوں ممالک نے خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر دشمنی ختم کریں، کشیدگی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں، رکاوٹیں دور کریں اور جامع امن معاہدے کے حصول کے لیے مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور وانگ یی نے آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں سی پیک فیز ٹو، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے تازہ ترین علاقائی اور عالمی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔



