ماتلی:پولیس کی کارروائی، موٹر سائیکل لفٹر گروہ کا اہم رکن گرفتار،مال مسروقہ برآمد

ماتلی (رپورٹ ایم۔ار۔گدی/ جانو ڈاٹ پی کے) ماتلی اور اس کے گردونواح میں بڑھتی ہوئی موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے خلاف ماتلی پولیس نے مؤثر اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا، ایس ایچ او تھانہ ماتلی انسپکٹر محمود احمد خان نے پیشہ ورانہ مہارت اور سخت حکمت عملی کے تحت پولیس ٹیم کے ہمراہ ٹنڈو غلام علی روڈ صالح سومرو اسٹاپ پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی جس کے نتیجے میں ملزم وسیم آرائیں کو گرفتار کرلیا گیا، کارروائی کے دوران ملزم راجو ٹھاکر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے کھلے ہوئے پارٹس برآمد کیے گئے جن میں 6 موٹر سائیکلوں کے چیچز، 6 انجن اور دیگر سامان شامل ہے، ملزمان منظم انداز میں موٹر سائیکلیں چوری کرکے ان کے پرزے الگ کرکے فروخت کرتے تھے، برآمد ہونے والی موٹر سائیکلوں میں مدعی دانش باگرانی کی موٹر سائیکل بھی شامل ہے جو تھانہ ٹنڈو غلام علی کی حدود سے چوری ہوئی تھی، انسپکٹر محمود احمد خان کی قیادت میں اس کامیاب کارروائی کو شہر میں سرگرم موٹر سائیکل لفٹر گروہوں کے خلاف بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے بعد توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ماتلی اور اس کے اطراف میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں واضح کمی آئے گی، ماتلی پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید کارروائیاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔



