سکھیکی میں مسافر بس سیم نالے میں جا گری، 5 افراد جاں بحق، 40 زخمی

سکھیکی(جانوڈاٹ پی کے) لاہور سے چنیوٹ جانے والی مسافر بس سکھیکی کے قریب سیم نالے میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے وقت بس میں تقریباً 65 مسافر سوار تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس سکھیکی کے قریب حادثے کا شکار ہوئی اور بے قابو ہو کر سیم نالے میں جا گری۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ بعض مسافروں کے تاحال لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ لاپتہ مسافروں کی تلاش اور حادثے میں متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

حادثے کے باعث علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button