خیبرپختونخوا میں انسانی حقوق کی شکایات کے لیے مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل بنانے کا فیصلہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا حکومت نے انسانی حقوق سے متعلق شکایات کے مؤثر ازالے، اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور کارروائی کی نگرانی کے لیے مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ نظام کے ذریعے شکایات وصول کرنے، متعلقہ اداروں کو منتقل کرنے اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔

مشیرِ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کے مطابق اس سلسلے میں انسانی حقوق سے متعلق اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور معلومات کے تبادلے کے حوالے سے مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شکایات کے بروقت اور مؤثر ازالے کے لیے ڈیجیٹل نظام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ مجوزہ پورٹل سے شکایات کے حل میں تاخیر کم کرنے اور مختلف اداروں کی جانب سے ایک جیسے کام کی تکرار روکنے میں مدد ملے گی۔ اس مقصد کے لیے پہلے سے موجود اداروں کو مشترکہ ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ کوئی نیا متوازی ادارہ قائم نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ ادارے اپنے قانونی دائرۂ اختیار میں رہتے ہوئے کام جاری رکھیں گے۔ محکمہ سماجی بہبود، پولیس، محتسبین اور انسانی حقوق سے متعلق دیگر اداروں کو بھی مجوزہ نظام کا حصہ بنایا جائے گا۔

ضلعی سطح پر شکایات کے ازالے کا طریقۂ کار

مشیرِ اطلاعات کے مطابق مجوزہ طریقۂ کار کے تحت ہر ضلع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انسانی حقوق سے متعلق شکایات کو متعلقہ اداروں تک پہنچانے اور ان کی منتقلی میں کردار ادا کرے گا۔ اس کے علاوہ ضلعی پولیس افسران کے دفاتر میں انسانی حقوق کے حوالے سے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

ثمر ہارون بلور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شکایات کی درست اداروں تک منتقلی، معلومات کے محفوظ تبادلے اور ضلعی سطح پر ادارہ جاتی رابطہ کاری کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔

یو این ڈی پی اور یورپی یونین کا تعاون

ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ یہ منصوبہ اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون اور یورپی یونین کے فنڈڈ پروگرام ’’حقوقِ پاکستان‘‘ کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔ ان کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد سے صوبائی وسائل پر اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔

مشیرِ اطلاعات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل کی پیش رفت اور عمل درآمد کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button