دیر کالونی اسکول حادثے کی انکوائری رپورٹ گورنر کو پیش، مالک کو ناقص تعمیرات کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) دیر کالونی اسکول حادثے کی انکوائری رپورٹ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو پیش کردی گئی، جس میں اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال پر اسکول مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ محکموں کی مبینہ غفلت کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت حادثے کی انکوائری رپورٹ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم اور انکوائری کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران انکوائری کمیٹی نے گورنر کو اپنی رپورٹ پیش کی اور حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، مختلف محکموں کی ذمہ داریوں، تحقیقات کے نتائج اور سفارشات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

رپورٹ میں اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال کو حادثے کی اہم وجہ قرار دیتے ہوئے اسکول مالک کی ذمہ داری کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ محکموں کی جانب سے مبینہ غفلت کے معاملات سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ کے قانونی پہلوؤں کا محکمہ قانون سے جائزہ لیا جائے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ دیر کالونی اسکول حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button