نگرپارکر میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے ایمبولینس میں آتشزدگی، 8 افراد جاں بحق، خواتین اور نومولود سمیت 5 زخمی

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی\جانوڈاٹ پی کے) نگرپارکر کے گاؤں ڈانو دھاندل میں پی پی ایچ آئی کے زیرِ انتظام اسپتال میں کھڑی ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور ایک نومولود بچے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مریضوں کو مزید علاج کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کرنے کی غرض سے ایمبولینس میں سوار کیا جا رہا تھا۔ اسی دوران آکسیجن سلنڈر لگاتے وقت دھماکا ہوا، جس سے ایمبولینس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں ایمبولینس میں موجود افراد بری طرح جھلس گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں محکمہ صحت نگرپارکر کا ملازم جسونت میگھواڑ، ایمبولینس ڈرائیور اسحاق تھیبو، پانڌی راجڑ اور دینو میگھواڑ شامل ہیں، جبکہ دیگر جاں بحق افراد کی شناخت کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ شدید جھلسنے کے باعث بعض لاشوں کی شناخت میں مشکلات پیش آنے کی اطلاعات بھی ہیں۔

حادثے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد، جن میں خواتین اور ایک نومولود بچہ بھی شامل ہے، کو طبی امداد کے لیے مٹھی منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں مریضوں کے علاوہ اسپتال کا عملہ بھی شامل بتایا جاتا ہے۔

واقعے کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ حادثے کی اصل وجوہات اور آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے شفاف تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ غفلت یا حفاظتی انتظامات میں کسی کوتاہی کا پتا چلایا جا سکے۔

اس افسوسناک سانحے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔ شہریوں نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور حادثے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button