سول اسپتال مٹھی میں ڈاکٹر خودکشی کیس،عدالت نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر سول اسپتال مٹھی میں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کو خودکشی پر مجبور کرنے والے ملزمان کی ضمانتیں کل ایڈیشنل سیشن جج ون تھرپارکر فاضل بوہیو کی عدالت نے مسترد کر دیں۔
ضمانت مسترد ہونے والے ملزمان میں سابق ایم ایس سول اسپتال مٹھی ڈاکٹر ہریش جگانی، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر موہن لال کتری، ڈاکٹر عبدالمالک نوہڑی، سابق سیکشن آفیسر شفیق اڄن، میل نرس منٹھار بھیل اور سردارو بھیل، اسٹور کیپر برکت ہنگورجو اور وارڈ بوائے رجب کنبھار شامل ہیں۔
ضمانت مسترد ہونے کا حکم نامہ جاری ہونے سے پہلے ہی ملزمان عدالت کی حدود سے فرار ہو گئے جبکہ پولیس دیکھتی رہ گئی۔یاد رہے کہ چند ہفتے قبل سول اسپتال مٹھی میں ذہنی دباؤ اور مبینہ ٹارچر کا شکار لاڑکانہ کے رہائشی ڈاکٹر عبدالکریم نے سول اسپتال کے سرکاری کوارٹر میں خود کو پھندا دے کر خودکشی کر لی تھی، اور اپنے چھوڑے گئے وصیت نامے میں مذکورہ تمام افراد کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔ اس پر سندھ حکومت نے نوٹس لیا، تمام ملزمان کو معطل کر دیا گیا اور متوفی کے ورثاء کی درخواست پر مٹھی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔بعد ازاں کچھ ملزمان نے اپنی حفاظتی ضمانتیں حاصل کر لی تھیں، جنہیں ایڈیشنل سیشن جج ون کی عدالت نے مسترد کر دی۔



