ماتلی: ایس ایس پی بدین کی پولیس کانسٹیبل جعفر بھنبرو اور عزیز اللہ نومڑیو کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت اور دعا مغفرت کی

ماتلی (رپورٹ ایم آر گدی جانو ڈاٹ پی کے) سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بدین قمر رضا جسکانی ماتلی پہنچے جہاں انہوں نے پولیس کانسٹیبل جعفر بھنبرو کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت، گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے، اس دوران ڈی ایس پی ماتلی طارق لطیف خانزادہ اور ایس ایچ او تھانہ ماتلی انسپکٹر محمود احمد خان بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ انہوں نے سوگوار خاندان سے ملاقات کے دوران مرحوم کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس اپنے اہلکاروں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے، بعد ازاں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کڑیو گھنور کے قریب گاؤں علی غلام نومڑیو پہنچے جہاں انہوں نے پولیس کانسٹیبل عزیز اللہ نومڑیو کے انتقال پر ان کے لواحقین سے بھی تعزیت کا اظہار کیا، اس موقع پر ڈی ایس پی شہید فاضل راہو عبدالرحیم خاصخیلی اور ایس ایچ او تھانہ کڑیو گھنور انسپکٹر فیصل زمان جٹ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، واضح رہے کہ مرحوم کانسٹیبل عزیز اللہ نومڑیو 2007 میں سندھ پولیس میں بھرتی ہوئے تھے اور وہ ایک محنتی و فرض شناس اہلکار کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے تاہم چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔



