دیپال پور: خصوصی بچوں کے حقوق پر پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اور یونیسف کا اہم اجلاس

دیپال پور (محمد اسلم بھٹی/جانو ڈاٹ پی کے) وائس چیئرپرسن، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، جہاں آراء منظور وٹو نے یونیسف کےلاہور آفس میں ایک مشترکہ اجلاس میں شرکت کی، جس میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اور یونیسف کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں یونیسف پنجاب کے چیف آف فیلڈ آفس، رامیز بہبودوف، اور چیئرپرسن، صوبائی اسمبلی کاکس برائے خصوصی بچوں ، سلمیٰ سعید بھی شریک ہوئیں اجلاس کا بنیادی مقصد مستقبل میں منعقد ہونے والی خصوصی بچوں کے مسائل اور حکمتِ عملی پر گول میز کانفرنس کا انعقاد تھا۔ اس اہم گول میز کانفرنس کی قیادت پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کرے گی، جو یونیسف اور صوبائی اسمبلی کاکس برائے خصوصی بچوں کے اشتراک سے منعقد کی جائے گی اجلاس کے دوران خصوصی بچوں کو درپیش چیلنجز، ان کے حقوق کے تحفظ، اور ان کی سماجی و معاشی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے جامع اور مربوط اقدامات پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مؤثر ادارہ جاتی تعاون، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، اور پالیسی سطح پر ہم آہنگی کے ذریعے خصوصی بچوں کے لیے بہتر اور پائیدار مواقع فراہم کئےجا سکتے ہیں۔اس موقع پر وائس چیئرپرسن، جہاں آراء منظور وٹو نے کہا پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی خصوصی بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی باوقار شمولیت کے لیے پُرعزم ہے۔ یونیسف اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہم ایسے عملی اقدامات کو فروغ دیں گے جو نہ صرف موجودہ چیلنجز کا مؤثر حل پیش کریں بلکہ ایک زیادہ جامع اور مساوی معاشرے کی تشکیل میں بھی معاون ثابت ہوں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ذریعے خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کے روشن مستقبل کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گے



