بدین: ڈسٹرکٹ سیشن جج نے منشیات کے بڑھتے رجحان پر نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کو سخت ہدایات جاری کر دیں

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) بدین ضلع میں منشیات کا کاروبار عام ہونے اور بدین کے کئی نوجوان منشیات کے باعث موت کا شکار ہونے کی خبریں میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو نے پر ڈسٹرکٹ سیشن جج بدین نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی بدین کو سخت ہدایات جاری کردی ہیں تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ سیشن جج بدین نے 30 مارچ 2026ء کو اخباروں میں شائع ہونے والی منشیات کے خلاف خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی بدین کو خط جاری کر دیا ہےجس میں ضلع کے اندر بڑھتی ہوئی منشیات، خصوصاً “آئس”، کی فروخت اور استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے خط میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ خبروں کے مطابق ضلع بدین میں منشیات کی فروخت اور استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، جہاں تقریباً 30 فیصد نوجوان “آئس” کے عادی بن چکے ہیں۔ اخباروں میں مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ منشیات کی خرید و فروخت کا کاروبار کھلے عام جاری ہے، جبکہ بعض قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر رشوت اور بھتہ لے کر اس غیر قانونی کاروبار کو سہولت فراہم کرنے کے سنگین الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں ڈسٹرکٹ سیشن جج نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال عوامی صحت، سماجی اقدار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام کے اعتماد کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے خط میں ایس ایس پی بدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اخبارات میں مذکور تمام امور پر ایک جامع رپورٹ تیار کر کے 7 اپریل 2026ء تک عدالت میں پیش کریں، جس میں منشیات کی روک تھام کے لیے کیے گئے یا مجوزہ اقدامات شامل ہوں مزید برآں رشوت خوری اور بھتہ خوری کے الزامات پر شفاف اور غیر جانبدارانہ اندرونی تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث اہلکاروں کی نشا ندہی کی جائے خط میں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث یا اس میں سہولت فراہم کرنے والے کسی بھی سرکاری اہلکار کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے آخر میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اس معاملے کو انتہائی ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے، کیونکہ یہ ضلع کی آنے والی نسلوں کی زندگیوں اور سلامتی سے براہِ راست متعلق ہے



