کوٹری کے صحافیوں کو دھمکیاں ملنے کیخلاف میرپورخاص میں احتجاجی کیمپ

میرپورخاص (شاھدمیمن) کوٹری کے صحافی بھائیوں کو دھمکیاں ملنے کیخلاف میرپورخاص میں صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کیا اور علامتی بھوک ہڑتال کی تفصیلات کے مطابق کوٹری کے صحافی عظیم باریجو، دھنی بخش باریجو اور اسماعیل باریجو کو قتل کی دھمکیاں دینے اور ان کے گھروں پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کیے جانے کے خلاف میرپورخاص یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے احتجاج کیا گیا اس احتجاج میں میرپورخاص، سندھڑی، میرواہ گورچانی اور شادی پلی کے صحافیوں کے علاوہ وکلاء، اساتذہ اور سیاسی کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر میرپورخاص پریس کلب کے صدر نذیر پنہور، شاہد خاصخیلی، سینئر صحافی سید محمد خالد، شوکت پنہور، سلیم آزاد، بلال محمود، فہد سلطان چانڈیو، وکیل رہنماء ممتاز جروار اور پی ٹی الف کے رہنما اللہ بچایو مہر سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا مقررین نے کہا کہ گزشتہ طویل عرصے سے پاکستان اور خصوصاً سندھ میں صحافیوں کے خلاف کارروائیاں بڑھتی جا رہی ہیں متعدد صحافی قتل ہو چکے ہیں جبکہ کئی کو حملوں اور دھمکیوں کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ کوٹری کے صحافیوں کو دھمکیاں دینا اور انہیں نشانہ بنانا نہایت سنگین معاملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ کوٹری کے صحافیوں کو فوری اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور انہیں دھمکیاں دینے اور حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔



