بدین میں ایران پر حملے کےخلاف احتجاجی مظاہرہ

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)ایران میں اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے مبینہ حملوں کے نتیجے میں معصوم شہریوں اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کیے جانے کے خلاف بدین شہر میں شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ احتجاج شاہنواز چوک پر مرکزی امام بارگاہ کاشانیہ زنبیہ کے سامنے منعقد ہوا جس میں مذہبی رہنماؤں، شہریوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرہ سید نادر علی شاہ، مولانا حسین بخش حیدری اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے جبکہ شرکاء نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایران میں بے گناہ شہریوں اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کرنا انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم اور کھلی جارحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس ظلم و بربریت کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان اُمت اس طرح کے مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتی اور دنیا بھر کے امن پسند لوگوں کو بھی اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عالمی ادارے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں

مزید خبریں

Back to top button