وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی ریلیف مشن کے تحت ضلعی انتظامیہ کی سخت کارروائیاں

دیپالپور(رپورٹ:محمد اسلم بھٹی/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر گراں فروشوں کے خلاف سخت کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرانفروشوں کے خلاف فیلڈ میں متحرک ہیں،ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ 4679 انسپکشنز کے دوران خلاف ورزیوں پر 8 مقدمات درج کروائے گئے، مہنگے داموں اشیائے خورونوش فروخت کرنے والے 22 دکاندار گرفتار جبکہ 14 دکانیں سیل ہوئیں، مصنوعی مہنگائی میں ملوث افراد کو 11 لاکھ 72 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ گرانفروشی کے خلاف سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، مصنوعی مہنگائی کرنے والے دکانداروں کو سخت کاروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ دکانوں میں نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے جائیں، دکاندار کاروائیوں سے بچنے کے لیے مقررہ قیمتوں پر اشیائے ضروریہ فروخت کریں۔



