’’بائے بائے پاپا‘‘آخری فون کال نے سب کو رُلا دیا، ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل

مقبوضہ کشمیر (ویب ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں 21 سالہ لڑکی پائل دیوی کے چناب دریا میں مبینہ طور پر کودنے کے واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔

واقعہ ہفتے کے روز تقریباً 2 بجے پریمنگر کے قریب شیوا دل پل پر پیش آیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں پائل کو دریا میں جانے سے قبل الوداع کہتے ہوئے مبینہ طور پر دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔

پائل کے والد کرشن لال کے مطابق ان کی بیٹی اس روز ایک مقامی میلے میں گئی تھی۔ بعدازاں اس نے فون کرکے طبیعت خراب ہونے اور ڈاکٹر سے ملنے کا بتایا، تاہم ڈاکٹر دستیاب نہ ہونے پر وہ واپس روانہ ہوگئی۔

والد کے مطابق بعد میں انہیں اس شخص کی کال موصول ہوئی جو پائل کے ساتھ تھا اور اس نے بتایا کہ پائل دریا کی جانب بھاگ گئی ہے۔

کرشن لال نے بتایا کہ انہوں نے فون پر بیٹی سے بار بار پوچھا کہ کیا کسی نے اسے کچھ کہا یا اس کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، تاہم پائل نے مبینہ طور پر کہا کہ ’’یہ میری زندگی ہے‘‘ اور اس کا دل اسے یہی راستہ اختیار کرنے کا کہہ رہا ہے۔ اس کے بعد اس نے والد سے ’’بائے بائے پاپا‘‘ کہا اور فون بند ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور مقامی رضاکاروں نے چناب دریا میں تلاش کا آپریشن شروع کردیا، تاہم تاحال لڑکی کا سراغ نہیں مل سکا۔

حکام کے مطابق پائل کے اس انتہائی اقدام کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ سرچ آپریشن جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

دوسری جانب حکام اور مقامی حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور غیرمصدقہ دعوؤں کو شیئر کرنے سے گریز کی اپیل کی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button