یو ایس ایس ابراہم لنکن پانچ روزہ قیام کے بعد تھائی لینڈ سے روانہ، 5 ہزار امریکی اہلکار سوار

بنکاک(ویب ڈیسک) امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پانچ روزہ قیام کے بعد تھائی لینڈ سے روانہ ہوگیا، جہاز پر تقریباً 5 ہزار امریکی بحری اہلکار موجود تھے۔
اے ایف پی کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن بدھ کے روز بنکاک کے قریب پٹایا کے شمال میں واقع لیم چابانگ بندرگاہ پہنچا تھا، جہاں طویل عرصے تک سمندر میں تعیناتی کے بعد امریکی اہلکاروں کو آرام اور تفریح کا موقع ملا۔
امریکی طیارہ بردار جہاز تقریباً 9 ماہ تک سمندر میں رہنے اور مشرقِ وسطیٰ میں طویل تعیناتی کے بعد تھائی لینڈ پہنچا تھا۔ اس دوران جہاز پر اہلکاروں کو درپیش حالات سے متعلق رپورٹس نے عالمی میڈیا کی توجہ بھی حاصل کی۔
پٹایا میں سیاحتی سیزن نسبتاً کم ہونے کے باعث امریکی اہلکاروں کی آمد سے مقامی کاروباری حلقوں کو معاشی فائدے کی امید تھی، تاہم ان کی آمد سے قبل شہر میں سکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی اہلکاروں کی آمد سے قبل جنسی کارکنوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی، تاہم پٹایا کے میئر نے اس اقدام کو امریکی بحری اہلکاروں کی آمد سے جوڑنے سے انکار کیا۔
اے ایف پی کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن اتوار کو تقریباً صبح 11 بجے لیم چابانگ بندرگاہ سے روانہ ہوگیا۔



