برطانیہ میں جیولری شاپ پر انوکھا ڈاکا، ملزمان گاڑی ٹکرا کر دکان میں گھس گئے، ویڈیو وائرل

بریڈفورڈ (ویب ڈیسک) برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں جیولری کی ایک دکان پر ڈاکوؤں نے فلمی انداز میں دھاوا بول دیا، ملزمان نے فور بائی فور گاڑی کو دکان سے بار بار ٹکرا کر راستہ بنایا اور پھر نقاب پوش افراد دکان کے اندر داخل ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فور بائی فور گاڑی ڈک ورتھ لین اور ٹولر لین کے سنگم پر واقع جیولری شاپ کے سامنے رکتی ہے، جس کے بعد ڈرائیور گاڑی کو مسلسل دکان سے ٹکراتا ہے۔

ٹکراؤ کے باعث دکان کا داخلی حصہ متاثر ہوا اور راستہ بننے پر بالاکلاوا پہنے کئی افراد اندر داخل ہوگئے۔ اچانک حملے سے دکان میں موجود گاہک شدید خوفزدہ ہوگئے اور ایک دوسرے سے لپٹتے دکھائی دیے۔

پولیس کو واقعے کی اطلاع دوپہر ایک بج کر 19 منٹ پر دی گئی۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے لگے تو دکان کے عملے نے بھی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا پیچھا کیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک شخص کے ہاتھ میں کلہاڑی جبکہ دوسرے کے ہاتھ میں بیس بال بیٹ بھی دکھائی دیتا ہے۔ تعاقب کے دوران دکان کے عملے نے فرار ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک کی پچھلی کھڑکی بھی توڑ دی۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور متعدد سڑکیں بند کردیں۔ پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

تاہم پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ واردات میں کتنے افراد ملوث تھے اور ملزمان کتنی مالیت کے زیورات یا دیگر سامان لے جانے میں کامیاب ہوئے۔

مزید خبریں

Back to top button