اسلام آباد: پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ لاجز اور خیبر پختونخوا ہاؤس کے دھرنے ختم کر دیے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ لاجز اور خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر جاری دھرنے ختم کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل افریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا ہاؤس سے روانہ ہو گئے، جس کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
پارلیمنٹ لاجز میں بھی پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی اور سینیٹرز نے دھرنا ختم کر دیا، تاہم پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن ارکان کا دھرنا جاری ہے جس میں محمود اچکزئی، علامہ ناصر عباس، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر رہنما شریک ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق دھرنا ختم کرنے کا اعلان محمود خان اچکزئی کریں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے اور رپورٹ میں جو بھی سامنے آئے گا، اسے عوام کے سامنے رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج دوپہر ایک بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت محمود خان اچکزئی کریں گے۔ اجلاس میں تمام پارلیمنٹیرینز کو شرکت کی باقاعدہ دعوت دے دی گئی ہے۔
اجلاس میں آئندہ سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور دھرنے کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلوں کے ساتھ ساتھ بانی چیئرمین کی میڈیکل رپورٹ پر تفصیلی غور بھی ہوگا۔



