بدین ضلع میں خربوزے کی نئی فصل مارکیٹ میں آگئی

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)
بدین ضلع میں خربوزے کی نئی فصل مارکیٹ میں آگئی ہے اور ملک بھر کی مختلف منڈیوں کو ترسیل کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے بدین اور زیریں سندھ کے دیگرعلاقوں کا خربوزہ اپنی بے مثال مٹھاس، خوشبو اور اعلیٰ کوالٹی کے باعث ملک بھر میں خصوصی شہرت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ سب سے پہلے پنگریو کا خربوزہ مارکیٹ میں آتے ہی خریداروں کی توجہ حاصل کر لیتا ہے۔کاشتکاروں کے مطابق رواں سیزن کی فصل مجموعی طور پر بہتر ہے اور ابتدائی کھیپ کراچی، حیدرآباد، لاہور اور دیگر بڑے شہروں کی سبزی منڈیوں کو روانہ کی جا رہی ہے۔ اس کاروبار سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے، جن میں کاشتکار، بیوپاری، ٹرانسپورٹرز اور مزدور شامل ہیں۔ملتان اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں سے چنائی اور پیکنگ کرنے والے مزدور بھی پنگریو اور اطراف کے دیہات میں پہنچ چکے ہیں، جو سیزن کے دوران خربوزے کی چنائی، چھانٹی اور پیکنگ کا کام انجام دیتے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ مزدور سیزن بھر محنت مزدوری کر کے خاطر خواہ روزگار حاصل کرتے ہیں جس سے ان کے خاندانوں کی کفالت ہوتی ہے۔دوسری جانب کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ خربوزے کے نرخوں میں اچانک کمی بیشی انہیں شدید پریشانی میں مبتلا کر دیتی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ حکام اور منڈی انتظامیہ قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے اور منڈی میں استحکام برقرار رہے زرعی ماہرین کے مطابق اگر موسمی حالات سازگار رہے اور ترسیل کا نظام بہتر رہا تو اس سال بدین کا خربوزہ نہ صرف مقامی بلکہ بین الصوبائی سطح پر بھی اچھی قیمت حاصل کر سکتا ہے، جس سے علاقے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔



