چانڈکا میڈیکل کالج میں بسنت بہار فیسٹیول کا انعقاد، رنگ، ثقافت اور خوشیوں سے مہکتا کیمپس

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج میں بسنت بہار فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس نے کیمپس میں رنگوں، ثقافت اور طلبہ کی بھرپور شرکت کا خوشگوار ماحول پیدا کر دیا.

طلبا اور طالبات نے فیسٹیول میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، طلبا نے زرد مفلر جبکہ طالبات نے زرد لباس پہن کر رنگینی میں اضافہ کیا، انہوں نے پتنگ بازی کی اور موسیقی سے لطف اندوز ہوئے۔ اس موقع پر طلبہ کا کہنا تھا کہ آج انہیں محسوس ہوا کہ کالج صرف تعلیم کا ادارہ نہیں بلکہ ایک خاندان جیسا ہے جہاں اساتذہ کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے اس دن کو یادگار اور حوصلہ افزا قرار دیا.

اس سے قبل فیسٹیول کا افتتاح پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسین سومرو نے کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسین سومرو نے کہا کہ تعلیم صرف کتابوں کے اوراق تک محدود نہیں بلکہ زندگی کے رنگوں سے آشنائی کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسنت بہار جیسے تہوار ہمیں یہ پیغام دیتے ہیں کہ علم کے ساتھ خوشی اور تخلیقی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں، کیونکہ روشن ذہن ہی ایک باشعور اور ترقی یافتہ قوم کی بنیاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر بھی زور دیا.

وائس پرنسپل ڈاکٹر فوزیہ چانڈیو نے کہا کہ بہار نئی اُمنگ، نئے حوصلے اور نئی شروعات کی علامت ہے، اس فیسٹیول نے ہمارے اجتماعی جذبے کو خوبصورتی سے اجاگر کیا ہے.

تقریب میں ڈاکٹر حفیظ ابڑو، ڈاکٹر ریحانہ سدھایو، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی وحید زمان، سیکیورٹی انچارج کامران عباسی اور میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالصمد بھٹی بھی موجود تھے۔ پروگرام کے منتظمین میں گلفام حبیب ملک، شمس الدین انصاری، بلاول سہریانی اور میر منصف کھوسو شامل تھے.

مزید خبریں

Back to top button