وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز صنعتکاروں کی ملاقات، برآمدات بڑھانے کیلئے اہم ہدایات

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف سے ملک کے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، جس میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور صنعت و تجارت کو درپیش مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں میاں منشا، عارف حبیب، ثاقب شیرازی، عاطف باجوہ، محمد علی اور مصدق ذوالقرنین سمیت نمایاں کاروباری شخصیات شریک ہوئیں، جبکہ وفد میں عمر سعید، صمد داؤد، اشرف موکاتی، شاہد صورتی، شہزاد اصغر، شہزاد سلیم، آصف پیر اور دیگر بھی شامل تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے حوالے سے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو برآمد کنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات کا بنیادی مقصد برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے کاروباری برادری سے مشاورت اور ان کی تجاویز سے استفادہ کرنا ہے۔ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے جبکہ توانائی کی لاگت میں کمی بھی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف نے ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کو تجارت کے فروغ کے لیے مزید مؤثر ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کا دائرہ کار بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو آسان اور سہل پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے جبکہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے بھی ایک بڑا کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال انفورسمنٹ کے ذریعے 800 ارب روپے اکٹھے کیے، جبکہ معاشی ٹیم کی کوششوں کے نتیجے میں ملک کے میکرو اکنامک حالات میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے۔ تاہم مائیکرو اکنامک سطح پر مزید بہتری کے لیے مسلسل محنت کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صنعتی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ملک کی صنعت اور برآمدی شعبے کو مطلوبہ ہنرمند افرادی قوت دستیاب ہوسکے۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے فوری اور دیرپا حل کے لیے اقدامات کرنے اور برآمد کنندگان کے لیے سپر ٹیکس استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں کاروباری برادری کو ملکی معیشت، تجارت اور صنعت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ملک کی بندرگاہوں پر پورٹ چارجز میں کمی اور آپریشنل استعداد میں بہتری لائی گئی ہے۔

بریفنگ کے مطابق کراچی کی بندرگاہوں سے اندرون ملک رسائی بہتر بنانے کے لیے ایم-10 کی اپ گریڈیشن جاری ہے، جبکہ ایم-13 کھاریاں، راولپنڈی منصوبے کی تکمیل سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان سفری فاصلے میں کمی آئے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ریلوے کے انفرااسٹرکچر کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے جس سے تجارتی سامان کی ترسیل مزید تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ بھی دیکھا گیا ہے جبکہ 10 لاکھ افراد کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔

ملاقات کے دوران کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں نے ملک میں میکرو اکنامک استحکام کو سراہتے ہوئے حکومتی معاشی اصلاحات اور پالیسی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

کاروباری رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں تعمیری کردار کو بھی سراہا جبکہ حکومتی نجکاری اور ڈی ریگولیشن پالیسی کی تعریف کی۔

وفد نے صنعت، تجارت اور کاروباری شعبے کو درپیش مختلف مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے متعدد تجاویز بھی پیش کیں، جن پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button