پاک بھارت میچ کیلئے بڑے بریک تھرو کا امکان
بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین پاکستان پہنچ گئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق اگلے چند گھنٹوں میں بڑی پیشرفت کا امکان ہے۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین امین الاسلام آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے ہیں، آئی سی سی کے مصالحتی وفد کی بھی چند گھنٹوں بعد پاکستان آمد متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور آئی سی سی وفد میں پاکستان بھارت میچ پر بات چیت ہوگی، آئی سی سی نے ڈپٹی چئیرمین عمران خواجہ کو پاکستان بھارت میچ کا ٹاسک سونپ رکھا ہے۔
اُدھر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین امین الاسلام بھی آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق امین الاسلام ممکنہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کی اہم ہنگامی میٹنگز میں شرکت کریں گے، دونوں کرکٹ بورڈز کے سربراہان آئی سی سی اجلاس میں آن لائن شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بی سی بی چیئرمین امین الاسلام کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی سے ملاقات متوقع ہے جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ کرکٹ سے متعلق دیگر معاملات بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد امین الاسلام شام کے وقت ڈھاکا واپس روانہ ہو جائیں گے۔



