بنگلہ دیشی ہمارے بھائی ہیں، ان کا ورلڈکپ میں نہ ہونا افسوسناک ہے، کپتان سلمان علی آغا

کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی ہمارے بھائی ہیں اور ان کا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز سے قبل کولمبو میں منعقدہ کپتانوں کی پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کی حمایت پر شکر گزار ہے، تاہم یہ بدقسمتی ہے کہ وہ اس بڑے ایونٹ میں شرکت نہیں کر پا رہے۔

بھارت کے خلاف ممکنہ میچ کے بائیکاٹ سے متعلق سوال پر قومی کپتان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ حکومتِ پاکستان نے کرنا ہے اور بطور ٹیم ہم حکومت کے ہر فیصلے کا احترام کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے کوئی حتمی صورتحال معلوم نہیں، جو فیصلہ ہوگا اسی کے مطابق آگے بڑھا جائے گا۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ بطور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈکپ ہے اور میں اس چیلنج کے لیے بے حد پُرجوش ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

قومی کپتان کے مطابق پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے بعد سے مسلسل اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے اور گزشتہ چھ ماہ میں ٹیم کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں اعتماد موجود ہے اور شائقین کو ورلڈکپ میں سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

سلمان علی آغا نے میزبان ملک کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میرے دوسرے گھر کی طرح ہے، یہاں کے لوگ نہایت خوش اخلاق ہیں اور یہاں آ کر ہمیشہ اچھا محسوس ہوتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button