ٹی20 ورلڈکپ تنازع، اظہارِ یکجہتی پر شکریہ پاکستان، بنگلہ دیشی وزیر کھیل

ڈھاکہ / اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)بنگلہ دیش کے وزیر برائے نوجوانان و کھیل آصف نذرل نے 2026 کے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی شمولیت سے محرومی کے بعد پاکستان کی جانب سے یکجہتی کے اظہار پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
آصف نذرل نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے اعلان کے بعد پاکستان نے بھارت کے خلاف اپنا میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا، جو بنگلہ دیش کے ساتھ غیر معمولی حمایت اور اصولی مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔
بنگلہ دیشی وزیر کھیل نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں واضح طور پر کہا کہ کھیل میں سیاست کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے، اور پاکستان کا یہ فیصلہ مکمل غور و فکر کے بعد بنگلہ دیش کے حق میں کیا گیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے 22 جنوری کو سکیورٹی خدشات اور آئی سی سی کی جانب سے مبینہ غیر منصفانہ رویّے کے باعث 2026 کے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق ٹورنامنٹ کے حوالے سے انہیں مناسب تحفظ اور شفاف یقین دہانی فراہم نہیں کی گئی۔
بنگلہ دیش کے انخلا کے بعد اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا گیا، جو گروپ سی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، اٹلی اور نیپال کے ساتھ مقابلہ کرے گا۔ اسکاٹ لینڈ اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔
آصف نذرل کے مطابق یہ معاملہ عالمی کرکٹ میں سکیورٹی، انتظامی شفافیت اور کھیلوں میں غیر جانبداری سے متعلق ایک نیا سفارتی اور اخلاقی پہلو اجاگر کر رہا ہے، جس پر بین الاقوامی اداروں کو سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔



