"ممتا پروگرام” کا بنیادی مقصد ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے،کاشف رضا منگی

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا اہم اجلاس ہواجس میں "ممتا پروگرام” پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی نے کہا کہ "ممتا پروگرام” کا بنیادی مقصد ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت حاملہ خواتین کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ حمل کے دوران بہتر غذائی ضروریات پوری کر سکیں۔ساتھ ہی خواتین کو اسپتال میں محفوظ زچگی کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے ماں اور بچے کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں
انہوں نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر سیدہ رضوانہ حنین شاہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ممتا پروگرام کے تحت حاملہ خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ اس کے لیے عوام میں آگاہی اور موبلائزیشن بڑھانا ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین سندھ حکومت کے اس مفید پروگرام سے فائدہ حاصل کر سکیں اور صحت کی بہتری کے لیے حکومت کے اقدامات کامیابی سے آگے بڑھ سکیں انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت ملنے والی رقم حاملہ خواتین کو شفاف طریقے سے دی جائے اور کٹوتی کرنے والے ڈیوائس ہولڈرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے.
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظہور احمد عباسی نے کہا کہ ممتا پروگرام میں صحت کے معائنے کے لیے آنے والی خواتین کے لیے لازم ہے کہ وہ خود اور اپنے بچوں کو ای پی آئی کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کی 100 فیصد کامیابی کے لیے گھر گھر جانے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز سے بھی مدد لی جا سکتی ہے اور تربیتی پروگراموں میں ایل ایچ ڈبلیو کو بھی شامل کیا جائے اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر سیدہ رضوانہ حنین شاہ نے سندھ میں سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے صوبہ سندھ کے 15 اضلاع میں ممتا پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔
ضلع بدین کے 103 ہیلتھ سینٹرز پر یہ سہولت موجود ہے انہوں نے بتایا کہ رجسٹرڈ خواتین کو پالیسی کے مطابق رقم بینک الفلاح کے ڈیوائس ہولڈرز کے ذریعے ادا کی جاتی ہے، اور کسی بھی کٹوتی کی صورت میں خواتین ہیلپ لائن 1054 یا ویب سائٹ www.sspa.gos.pk پر شکایت درج کر سکتی ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بدین میں ممتا پروگرام جنوری 2024 سے شروع ہوا ہے جو دسمبر 2027 تک جاری رہے گا۔ چار سال کے دوران 1 لاکھ 19 ہزار 383 حاملہ خواتین کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے اکتوبر 2025 تک 78 ہزار 906 رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہیں ان کے مطابق کچھ خواتین کے پاس قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے رجسٹریشن کا عمل رک گیا ہے، جبکہ ممتا پروگرام میں رجسٹرڈ 13 ہزار خواتین کے اکاؤنٹ ابھی تک نہیں کھلے۔ انہیں اس میسج کے ذریعے اطلاع دی جا رہی ہے کہ وہ اپنے علاقے کے قریبی ایجنٹ کے پاس جا کر اکاؤنٹ کھلوائیں تاکہ انہیں ادائیگیاں ممکن ہو سکیں اجلاس میں اے ڈی ایچ او ڈاکٹر سندھُو خواجہ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالرحیم کھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر دین محمد ڈھیرو، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری عبدالفتاح جونیجو، سپرنٹنڈنٹ نادرا محسن، ڈاکٹر علی رضا، فوکل پرسن پی پی ایچ آئی نیوٹریشن وجے کمار چوھاڻ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے.



