دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم "سردار جی 3” نے پاکستان میں باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم کر دیا
فلم کو پاکستانی شائقین نے بھرپور پذیرائی دی

لاہور (ویب ڈیسک): پنجابی فلموں کے شائقین کے لیے خوشخبری، بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3 نے پاکستان میں کامیابی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار دلجیت دوسانجھ اور پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کی اس فلم کو پاکستانی شائقین نے بھرپور پذیرائی دی ہے۔ اگرچہ بھارت میں مختلف وجوہات کی بنیاد پر اس فلم کو ریلیز کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بین الاقوامی سطح پر، خاص طور پر پاکستان میں، فلم نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے۔
پہلے ہفتے کے دوران فلم نے پاکستان میں 21 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کیا، جب کہ دوسرے ہفتے میں مزید 9 کروڑ 50 لاکھ روپے اور تیسرے ہفتے کے ایک ہی دن میں 10 کروڑ روپے کما لیے۔
اب تک کی مجموعی کمائی 40 کروڑ 51 لاکھ پاکستانی روپے ہو چکی ہے، جس کے ساتھ ہی سردار جی 3 پاکستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بن گئی ہے۔ اس نے اس سے قبل کی کامیاب فلم کیری آن جٹہ 3 کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو آئندہ چند ہفتوں میں یہ فلم پاکستان میں 60 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر سکتی ہے، جو پاکستانی سینما انڈسٹری میں کسی غیر ملکی فلم کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔
واضح رہے کہ چونکہ پنجابی فلموں کے زیادہ تر فلم ساز بیرون ملک (برطانیہ یا کینیڈا) سے وابستہ ہوتے ہیں، اس لیے ان کی فلموں کو پاکستان میں ریلیز کرنے پر کوئی پابندی نہیں، جس کی وجہ سے پنجابی فلمیں پاکستانی مارکیٹ میں خاصی مقبول ہو رہی ہیں۔



