بھارت میں سمندری طوفان کے دوران آسمان اچانک گہرا سرخ ہوگیا، حیران کن مناظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

چھتیس گڑھ (جانو ڈاٹ پی کے)بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دانتے واڑہ کے علاقے کراندول میں آسمان کا غیر معمولی گہرا سرخ رنگ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، جس کے مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہے ہیں۔

یہ غیر معمولی منظر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سمندری طوفان ’ارنب‘ کے اثرات کے باعث ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور مسلسل ابر آلود موسم کا سلسلہ جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق آسمان پر سرخی اس وقت نمایاں ہوئی جب طوفان آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اندرونِ ملک کی جانب بڑھ رہا تھا۔ بدھ کو ریاستی دارالحکومت رائے پور سمیت کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم ابر آلود رہا۔

خراب موسم اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر متاثرہ اضلاع میں حکام نے جمعرات 29 اکتوبر کو اسکول بند رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں کراندول کا آسمان گہرے سرخ رنگ میں ڈوبا دکھائی دیتا ہے۔ بعض افراد نے اس منظر کو سمندری طوفان کے باعث فضائی تبدیلیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے، تاہم آسمان کے غیر معمولی رنگ کی اصل وجہ کی تاحال آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

ماہرین کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث فضا میں معلق گردوغبار، ریت یا سرخ آئرن والی مٹی کے ذرات آسمان کو سرخی مائل دکھا سکتے ہیں۔ چھتیس گڑھ کے بعض علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ جھکڑوں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

دنیا کے دیگر حصوں، خصوصاً آسٹریلیا میں بھی بعض طوفانوں سے قبل آسمان کے اسی طرح سرخ دکھائی دینے کے مناظر سامنے آچکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button