خیبرپختونخوا میں اکتوبرکے دوران ڈینگی کے2ہزار656کیسز رپورٹ

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)موسم کی تبدیلی کے ساتھ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ صحت کے مطابق رواں سال صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 268 ہوگئی ہے، جبکہ اس وقت 169 کیسز فعال ہیں۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اب تک 5 ہزار 98 مریض ڈینگی سے صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ صوبے میں اس بیماری کے باعث ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق کوہاٹ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جہاں 3 ہزار 8 کیسز رپورٹ ہوئے اور 123 مریض اس وقت زیرِ علاج ہیں۔ پشاور میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 655 ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اکتوبر کے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ 2 ہزار 656 کیسز سامنے آئے۔

ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر

ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماری ہے۔ اس کی عام علامات میں تیز بخار، جسم اور پٹھوں میں درد شامل ہیں، جبکہ بعض مریضوں میں جلد پر دھبے بھی نمودار ہوسکتے ہیں۔ شدید ڈینگی کی صورت میں خون بہنے اور دیگر خطرناک پیچیدگیوں کا خدشہ ہوتا ہے۔

ڈینگی سے بچاؤ کے لیے گھروں اور اردگرد پانی جمع نہ ہونے دیں، کیونکہ ڈینگی مچھر صاف اور ٹھہرے ہوئے پانی میں افزائش پاتا ہے۔ گملوں، برتنوں اور دیگر کھلی جگہوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور کوڑے دان کو ڈھانپ کر رکھیں۔

ماہرین صحت کی ہدایات کے مطابق مچھروں سے بچنے کے لیے پورے بازوؤں والے کپڑے پہنیں، مچھر بھگانے والے لوشن استعمال کریں اور سوتے وقت مچھر دانی لگائیں۔ دروازوں اور کھڑکیوں پر جالی لگانا بھی مؤثر حفاظتی اقدام ہے۔

گھروں میں مچھروں کی افزائش روکنے کے ساتھ ضرورت کے مطابق مچھر کش ادویات اور اسپرے کا استعمال کیا جائے۔ تیز بخار یا ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر طبی معائنہ کرائیں، جبکہ شدید پیٹ درد، مسلسل الٹی یا خون بہنے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کریں۔

مزید خبریں

Back to top button