پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کی تعدادایک کروڑ29لاکھ سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزارتِ قومی صحت نے ہیپاٹائٹس سے متعلق رپورٹ ایوان میں پیش کردی، جس کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کی تعداد تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے۔
رپورٹ میں عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد 90 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 38 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد ہیپاٹائٹس بی میں مبتلا ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 29 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس بی یا سی کا شکار ہیں۔ پاکستان ہیپاٹائٹس سے ہونے والی اموات کے حوالے سے دنیا کے 10 سرفہرست ممالک میں بھی شامل ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 48 ہزار افراد ہیپاٹائٹس کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ صرف 2024 کے دوران ہیپاٹائٹس سی کے 88 ہزار سے زائد نئے انفیکشنز رپورٹ ہوئے۔



