جے ڈی وینس کی ایرانی قومی سلامتی کے سربراہ سے براہِ راست ملاقات کی پیشکش

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے قومی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی کو براہِ راست ملاقات کی پیشکش کر دی، ممکنہ ملاقات استنبول یا دوحہ میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی انتظامیہ محسن رضائی کو دونوں ممالک کے درمیان کسی ممکنہ معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اہم شخصیت سمجھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام کا خیال ہے کہ محسن رضائی ایران کے سپریم لیڈر کے زیادہ قریب ہیں، جس کے باعث واشنگٹن انہیں مذاکرات کے لیے اہم رابطہ کار تصور کر رہا ہے۔ جے ڈی وینس نے گزشتہ ہفتے محسن رضائی کو ایک خط بھی ارسال کیا تھا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق خط میں دونوں ممالک کے قومی مفادات کو مذاکرات کی بنیاد بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ امریکا نے واضح کیا کہ اس کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر ایران اپنا جوہری پروگرام روکنے پر آمادہ ہو جاتا ہے تو امریکا اس کے بدلے معاشی پابندیاں ختم کرنے پر غور کر سکتا ہے۔
دوسری جانب قطر بھی امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور ایرانی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہے۔



