انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ
پاکستان میں 2021 سے 2026 تک انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے 41 ہزار 428 کیسز رپورٹ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزارتِ انسانی حقوق نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق اعدادوشمار سینیٹ میں پیش کر دیے، جن کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 14 ہزار 498 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ سندھ میں 10 ہزار 705 کیسز سامنے آئے۔
اعدادوشمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے 9 ہزار 919، بلوچستان میں 3 ہزار 680 اور اسلام آباد میں 2 ہزار 626 کیسز رپورٹ ہوئے۔ وزارتِ انسانی حقوق کے مطابق صرف 2025 کے دوران ملک بھر میں ایسے 8 ہزار 758 کیسز درج کیے گئے۔
دوسری جانب قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے تحریری جواب کے مطابق 15 اکتوبر 2026 تک شکایات اور ازخود نوٹس کی مجموعی طور پر ایک ہزار 406 کارروائیاں درج کی گئیں۔ ان میں ایک ہزار 116 شکایات اور ازخود نوٹس کی 290 کارروائیاں شامل ہیں۔
کمیشن کے مطابق اب تک ایک ہزار 28 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں، جبکہ 373 کیسز زیرِ تفتیش اور 5 کیسز سماعت کے مرحلے میں ہیں۔



