لاڑکانہ میں جائیداد کا تنازع، مبینہ طور پر بیٹے کی فائرنگ سے ماں زخمی

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کے واقعے میں 35 سالہ خاتون زخمی ہوگئیں۔ زخمی خاتون نے مبینہ طور پر اپنے بیٹے اور اس کے دوست کو فائرنگ میں ملوث قرار دیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے بندر روڈ کی رہائشی بلقیس چنجنی زوجہ ایاز علی کو رسول آباد کے قریب اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب ان کا چنگچی رکشہ روکا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون زخمی ہوگئیں، جنہیں طبی امداد کے لیے چانڈکا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کر دیا گیا۔

زخمی بلقیس چنجنی نے الزام عائد کیا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ان کا بیٹا محمد علی اور اس کا دوست فرحان لاشاری ملوث ہیں۔ خاتون کے مطابق واقعے کی وجہ جائیداد کا تنازع ہے۔

پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واقعے میں ملوث افراد کے حوالے سے خاتون کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تصدیق تحقیقات کے بعد ہی ہو سکے گی۔

مزید خبریں

Back to top button