ماتلی اور ٹنڈو غلام علی میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی، 6 کلینکس اور ماروی اسپتال کی لیبارٹری سیل

ماتلی (رپورٹ: اے ایم گدی\جانوڈاٹ پی کے) سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ماتلی اور ٹنڈو غلام علی میں عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ کلینکس سیل کر دیے، جبکہ ماتلی کے معروف ماروی اسپتال میں قائم پیتھالوجی لیبارٹری کو بھی بند کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مختیارکار ماتلی مصب جونیجو نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مختلف اسپتالوں اور کلینکس کا معائنہ کیا۔ اس دوران غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ کلینکس کو سیل کیا گیا، جبکہ ماروی اسپتال کی پیتھالوجی لیبارٹری بھی بند کر دی گئی۔

کارروائی کی اطلاع ملنے پر بعض عطائی ڈاکٹروں کی جانب سے اپنے کلینکس بند کرکے فرار ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ سیل کیے گئے کلینکس یا لیبارٹری کو متعلقہ حکام کی اجازت کے بغیر دوبارہ کھولنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سندھ بھر میں عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف جاری آپریشن کا مقصد طبی اداروں کو قانونی ضابطوں کا پابند بنانا اور شہریوں کو غیر معیاری طبی سہولیات سے محفوظ رکھنا ہے۔ حکام کے مطابق ایسی کارروائیوں کے ذریعے غیر قانونی طبی سرگرمیوں کی روک تھام اور مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button