پنجاب کے چھوٹے کسانوں کے لیے بڑی خوشخبری،مریم نواز نے 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرض دینے کا اعلان

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے زرعی شعبے کو مستحکم کرنے اور چھوٹے کاشتکاروں کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرض فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
کسانوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 3 کروڑ روپے سے زائد قرض لینے والے کسانوں کو 2 فیصد جبکہ 5 کروڑ روپے تک قرض پر 5 فیصد سود ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ پروگرام سے 10 لاکھ سے زائد افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ہر کسان کو فصل کی بوائی سے قبل ڈیڑھ لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس کے دوران کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات کیے گئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ زرعی شعبے میں خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے رواں سال ایک ہزار زرعی انٹرنز بھی بھرتی کیے جائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ صوبائی حکومت نے مارکیٹ میں کھاد اور زرعی اجناس کی بلیک مارکیٹنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے گندم کی خریداری کے لیے 4 ہزار 500 روپے فی من امدادی نرخ پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ملک کی فوڈ باسکٹ ہے اور 70 فیصد غذائی ضروریات پوری کرتا ہے۔ صوبے میں آم، کینو، آلو اور دیگر زرعی اجناس کی گریڈنگ اور محفوظ ذخیرہ کرنے کے لیے جدید پراسیسنگ پارکس بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
پانی کی منصفانہ تقسیم پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانی چوری کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے تاکہ طاقتور عناصر کے بجائے ہر کسان کو اس کے حصے کا پانی مل سکے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ نہری پانی ٹیل تک پہنچے اور چھوٹے کاشتکاروں کو اپنے حق کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ کسانوں کو آسان بینکاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پنجاب کسان بینک کے قیام کا کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے جلد فعال کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے کسانوں کے لیے مالی معاونت کا حصول آسان بنانے اور زرعی شعبے کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔



