لکی مروت میں افسوسناک واقعہ، دو سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد، قتل کا مقدمہ درج

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دو سالہ معصوم بچے کی بوری بند لاش ملنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچے کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ وانڈہ شہاب خیل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں دو سالہ سہیل گزشتہ روز اپنے گھر سے لاپتا ہوگیا تھا۔ اہلِ خانہ کی جانب سے تلاش کے بعد آج بچے کی بوری بند لاش برآمد ہوئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچے کو تیز دھار آلے کے ذریعے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا، تاہم واقعے کی حتمی تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
پولیس نے معصوم بچے کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔



