لاہور میں موبائلز اسکواڈ کی بڑی کارروائی، 48 گھنٹوں میں 69 ملزمان گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) موبائلز اسکواڈ نے شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 69 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 16 اشتہاری ملزمان، 7 عدالتی مفرور اور 8 عادی ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جبکہ ناکہ بندی کے دوران ریکارڈ یافتہ 3 ملزمان بھی گرفتار کیے گئے۔
ایس پی موبائلز بلال احمد کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے ای پولیس ایپ سے مدد لی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ شناخت چھپانے اور مشکوک حرکات میں ملوث مزید 35 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
بلال احمد کے مطابق ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے 33 ہزار 751 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر 2 ہزار 772 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے چیکنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔



