لاہور میں بچوں کی نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والا ملزم گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور پولیس نے کم سن بچوں کی نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے میں دیگر افراد کے ملوث ہونے کے شبہے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق ایک شہری نے پولیس کو شکایت درج کرائی کہ اس کے کم سن بھتیجے اور بھانجے کی نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس پر اہلِ خانہ کو شدید تشویش لاحق ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے پر گڑھی شاہو پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی کی اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلانے میں دیگر افراد بھی ملوث ہوسکتے ہیں، جن کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے ڈیجیٹل شواہد کا تجزیہ کرنے اور ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو بھی مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے بچوں کو کسی غیر قانونی یا نقصان دہ سرگرمی میں ملوث کرکے اسے چیلنج سمجھنے کے رجحان کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام اور بچوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے چاہییں۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے ویڈیو پھیلانے میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی اور قانونی کارروائی پر توجہ دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button