تھرپارکر میں ڈی سی سی کا اہم اجلاس، امن و امان، منشیات کی روک تھام اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت مرکزی و صوبائی ایپکس کمیٹیوں کے فیصلوں پر عملدرآمد، ضلع میں امن و امان کی صورتحال، منشیات کی روک تھام اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا اہم اجلاس کانفرنس ہال مٹھی میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ہاشم مسعود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو عمیر اشرف سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں سمیت ضلع میں تعینات چینی انجینئرز اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی معاملات میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں موجود تمام مدارس اور وہاں زیر تعلیم طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکومتی احکامات اور فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
اجلاس میں غیر قانونی، غیر معیاری اور مقررہ مقدار سے کم پٹرول فروخت کرنے والے پٹرول پمپس کو فوری طور پر سیل کرنے، جبکہ غیر رجسٹرڈ گوداموں کے خلاف سخت کارروائی کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
اس کے علاوہ ضلع میں قائم بھٹوں کی باقاعدہ نگرانی اور وہاں کام کرنے والے غیر ملکی و غیر رجسٹرڈ مزدوروں کی شناخت کرکے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکریٹری کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، اوور لوڈنگ اور مسافروں سے مقررہ کرائے سے زائد رقم وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
اجلاس کے دوران محکمہ ایکسائز، ریونیو اور کسٹمز کے افسران کو نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، غیر قانونی سگریٹ، منشیات اور دیگر نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت مؤثر کارروائیاں کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے اسکولوں، درگاہوں اور دیگر عوامی مقامات کے سامنے قائم غیر قانونی تجاوزات فوری ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے بجلی چوری کرنے والوں، پیشہ ور گداگروں اور بچوں سے جبری مشقت لینے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ حکومتی فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے، تاکہ ضلع میں امن و امان کے قیام، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔



