تھرپارکر میں آیوڈین کی کمی سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا، آیوڈین ملے نمک کے استعمال پر زور

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس تھرپارکر کی جانب سے مائیکرو نیوٹریئنٹ انٹرنیشنل کے تعاون سے ڈی ایچ او آفس مٹھی میں آیوڈین کی کمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار کا مقصد انسانی نشوونما، دماغی ترقی اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں آیوڈین کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ پروگرام میں محکمہ صحت کے افسران، ضلعی نمائندگان، مختلف تنظیموں کے نمائندوں، ڈی ایچ او آفس کے عملے، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار کے شرکاء کو بتایا گیا کہ آیوڈین کی کمی کے باعث گلہڑ، بچوں کی دماغی نشوونما میں رکاوٹ، ذہنی معذوری اور ابتدائی عمر میں جسمانی و ذہنی نشوونما میں تاخیر جیسے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ مقررین نے آیوڈین ملے نمک کے استعمال کو آیوڈین کی کمی سے بچاؤ کا آسان، سستا اور مؤثر ذریعہ قرار دیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے کہا کہ غذائی اجزا کی کمی سے بچاؤ آئندہ نسلوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے تھرپارکر کے دور دراز علاقوں تک آیوڈین ملے نمک کی رسائی اور مسلسل عوامی آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔

ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر سترام روپانی نے حمل کے دوران اور ابتدائی عمر میں آیوڈین کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچے کے دماغ اور اعصابی نظام کی بہتر نشوونما کے لیے آیوڈین انتہائی ضروری ہے۔

مائیکرو نیوٹریئنٹ انٹرنیشنل کے زونل مینیجر طاہر مصطفیٰ نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون، مؤثر نگرانی اور کمیونٹی آگاہی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ صحت سے متعلق اہم پیغامات ضلع کے ہر گھر تک پہنچ سکیں۔

مرکزی سیمینار کے علاوہ شفاء فاؤنڈیشن کے تعاون سے گاؤں بھاناڻي میں بھی خصوصی آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔ شفاء فاؤنڈیشن کے نمائندے سنيل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مقامی محکمہ صحت اور دیہی آبادی کے ساتھ غذائیت اور بنیادی صحت کے شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔

پروگرام کی میزبانی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈی ایچ او ڈاکٹر آکاش نے کمیونٹی کو عملی مشورے دیتے ہوئے گھر میں استعمال ہونے والے نمک میں آیوڈین کی موجودگی جانچنے کے آسان طریقے بھی بتائے۔ انہوں نے کہا کہ آیوڈین ملے نمک کا استعمال انتہائی کم خرچ ہے، جبکہ اس کے بچوں اور ماؤں کی صحت پر بے شمار فوائد ہیں۔

پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسکولوں، رورل ہیلتھ سینٹرز اور مقامی برادریوں میں آگاہی مہم کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ آیوڈین ملے نمک کے باقاعدہ استعمال کے ذریعے صحت مند مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button