آسٹریلیا میں 1.2 کلو وزنی سونے کی ڈلی دریافت، مالیت 2 لاکھ ڈالر تک پہنچنے کا امکان

نیو ساؤتھ ویلز (ویب ڈیسک)آسٹریلیا میں سونے اور قیمتی دھاتوں کی تلاش کرنے والے ایک شوقیہ شخص کو سونے کی غیر معمولی ڈلی مل گئی، جس کی مالیت ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز کے شمال مغربی علاقے میں ہونے والی اس دریافت نے سونے کی تلاش کے شوقین افراد کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کے مطابق سونے کی یہ ڈلی ٹیبوبرّا کے قریب ماؤنٹ اسٹورٹ اسٹیشن سے دریافت ہوئی۔ اس کا مجموعی وزن 1,200 گرام سے زیادہ ہے، جبکہ جانچ کے مطابق اس میں تقریباً 940 گرام خالص سونا موجود ہے۔ ڈلی میں کوارٹز کے ذرات بھی شامل ہیں۔
ڈلی دریافت کرنے والے شخص نے بتایا کہ سونے کی تلاش کے دوران اکثر بے کار اشیا ہی ملتی ہیں، تاہم اس مرتبہ زمین میں دھاتوں کی نشاندہی کرنے والی مشین سے ملنے والے سگنل نے اسے مزید کھدائی کرنے پر آمادہ کیا۔
اس کے مطابق، مٹی ہٹانے کی پہلی یا دوسری کوشش کے دوران ہی اسے گڑھے میں ایک چمک دار پیلا نقطہ دکھائی دیا۔ ڈلی نکالنے کے بعد اسے امید تھی کہ یہ محض رنگ کیا ہوا پتھر نہیں بلکہ حقیقی سونا ہوگا۔
آلو کے سائز سے مشابہ اس سنہری ڈلی کی جانچ کے بعد تصدیق ہوئی کہ اس کا وزن تقریباً 1.2 کلوگرام ہے اور اس میں خالص سونے کی مقدار لگ بھگ 940 گرام ہے۔
موجودہ مارکیٹ قیمت کے مطابق اس ڈلی کی مالیت ڈیڑھ لاکھ سے ایک لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر کے درمیان بتائی جا رہی ہے، جبکہ کسی کلیکٹر کو فروخت کیے جانے کی صورت میں اس کی قیمت دو لاکھ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دریافت کے مقام کی مناسبت سے اسے ’’ٹیبوبرّا اسپاڈ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
بروکن ہل میں سونے کی تلاش کے آلات فروخت کرنے والے گریگ اسپینگلر کے مطابق ایک کلوگرام سے زیادہ وزنی سونے کی ڈلی ملنا انتہائی غیر معمولی واقعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20 سال سے زائد عرصے کے دوران انہوں نے اتنی بڑی ڈلی ملنے کی صرف ایک اور مثال دیکھی ہے۔ عام طور پر سونے کی تلاش کرنے والوں کو چھوٹے ذرات یا کم وزن کی ڈلیاں ملتی ہیں۔
گریگ اسپینگلر کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ نے بھی اس مشغلے میں لوگوں کی دلچسپی بڑھائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری میں سونے کی قیمت تقریباً 8 ہزار امریکی ڈالر فی ٹرائے اونس تک پہنچ گئی تھی، جو بعد میں کم ہوکر تقریباً 5,700 ڈالر فی ٹرائے اونس رہ گئی۔ ایک ٹرائے اونس تقریباً 31.1 گرام کے برابر ہوتا ہے۔
ٹیبوبرّا میں سونے کی تلاش کی تاریخ 1880 کی دہائی کے آخری برسوں تک جاتی ہے اور یہ علاقہ آج بھی سیاحوں اور سونے کی تلاش میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے کشش رکھتا ہے۔ تاہم، علاقے کے بعض مقامات پر سونے کی تلاش کی اجازت نہیں، جبکہ ماؤنٹ اسٹورٹ اور گم ویل اسٹیشنوں پر مقررہ فیس ادا کرکے اس سرگرمی میں حصہ لیا جا سکتا ہے۔



