تھرپارکر میں غذائی قلت اور ممتا پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

تھرپارکر(رپورٹ میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی ہدایات پر غذائی قلت اور ممتا پروگرام سے متعلق ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے کانفرنس ہال مٹھی میں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر ہاشم مسعود نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہاشم مسعود نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں غذائی قلت کے خاتمے اور ممتا پروگرام کی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے اور ان کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے، تاکہ مستحق افراد کو بروقت پروگرام سے فائدہ پہنچ سکے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ ممتا پروگرام کے تحت حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد زندگی کے ابتدائی ایک ہزار دنوں کے دوران ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پروگرام سے متعلق عوامی آگاہی اور رجسٹریشن کی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے جبکہ مستحق خواتین کو مالی امداد کی رقم بغیر کسی کٹوتی کے شفاف انداز میں ادا کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button