مقبول بھارتی کرائم ڈرامے ’سی آئی ڈی‘ کے خالق بی پی سنگھ 77 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کے مقبول ترین کرائم ڈراما سیریل ’سی آئی ڈی‘ کے خالق برجیندر پال سنگھ (بی پی سنگھ) 77 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا تھا، وہ جانبر نہ ہوسکے۔
بی پی سنگھ پردہ سیمیں پر ڈی سی پی شمشیر سنگھ چترولے کے روپ میں مشہور تھے اور انہوں نے ہی اس مشہور کرائم سیریز کو تخلیق، ڈائریکٹ اور پروڈیوس کیا تھا۔
دیہرادون میں پیدا ہونے والے بی پی سنگھ نے اپنی تعلیم ’فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا‘ پونے سے حاصل کی۔ فلم سازی کی دنیا میں ان کا پہلا قدم 1973 میں دوردرشن کے ساتھ بطور نیوز کیمرہ مین تھا۔ اس کے بعد انہوں نے قتل کی پُراسرار کہانی پر مبنی اپنی پہلی ٹیلی ویژن فلم ’صرف چار دن‘ ڈائریکٹ کی۔
اس فلم کی تحقیق کے دوران ان کی ملاقات انسپکٹر جینت واگھلے سے ہوئی، جس کے نتیجے میں سراغ رسانی کے کام میں ان کی دلچسپی بڑھتی گئی۔
اس فلم میں نانا پاٹیکر، دلیپ کلکرنی، منورما واگھلے، جانہوی اور کلپیتا مالپٹھک نے اداکاری کی تھی۔
وہ سی آئی ڈی میں کبھی کبھار ڈی سی پی شمشیر سنگھ چترولے کا کردار بھی ادا کرتے تھے، جس سے ناظرین بخوبی واقف ہو گئے تھے۔



