انوشکا شرما کے حاملہ ہونے کی خبریں زیرِ گردش، ویرات کوہلی خاموش

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کے تیسرے حمل سے متعلق قیاس آرائیاں سامنے آئی ہیں، یہ اس وقت شروع ہوئیں جب انہیں حال ہی میں اپنے شوہر اور بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کے ساتھ ممبئی میں دیکھا گیا۔

سوشل میڈیا پر دونوں کی گھومنے پھرنے کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد متعدد صارفین نے سوال کیا کہ آیا اداکارہ ایک بار پھر ماں بننے والی ہیں۔ تاہم انوشکا شرما اور ویرات کوہلی میں سے کسی نے بھی انکے امید سے ہونے سے متعلق ان افواہوں کی تصدیق نہیں کی۔

انوشکا اور ویرات کو بھارتی نژاد امریکی گلوکار کرشنا داس کے لائیو کیرتن میں شرکت کے دوران دیکھا گیا۔ یہ تقریب اتوار 25 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے ورلی میں واقع ڈوم، ایس وی پی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ موسیقی کی اس تقریب میں شرکت سے قبل یہ جوڑا گیٹ وے آف انڈیا پر بھی نظر آیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں انوشکا کو لائیو کیرتن میں تالیاں بجاتے اور گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ویرات ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ دونوں کی موجودگی نے فوری طور پر مداحوں کی توجہ حاصل کرلی اور آن لائن انوشکا کے امید سے ہونے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔

ایک ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ایک صارف نے سوال کیا، کیا انوشکا دوبارہ امید سے ہیں؟ ایک اور صارف نے لکھا، کیا صرف مجھے ہی لگتا ہے کہ انوشکا شرما حاملہ ہیں؟ ایک صارف نے پرمزاح انداز میں لکھا، انوشکا کو بھی شاید ٹوئٹر سے ہی پتا چلتا ہوگا کہ وہ امید سے ہیں۔

تاہم، یہ بات قابل ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پر جاری ان قیاس آرائیوں کے باوجود جوڑے کی جانب سے تیسرے بچے کی آمد کے امکان سے متعلق کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی دسمبر 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ ان کے ہاں جنوری 2021 میں بیٹی وامیکا پیدا ہوئی، جبکہ فروری 2024 میں بیٹے آکائے کی پیدائش ہوئی۔

جہاں تک کام کا تعلق ہے تو انوشکا شرما اپنی آنے والی فلم چکدا ایکسپریس میں سابق بھارتی کرکٹر جھولن گوسوامی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کی شوٹنگ 2022 میں مکمل ہوگئی تھی، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

انوشکا شرما 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم زیرو کے بعد سے بڑی اسکرین سے بڑی حد تک دور رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button